بنگلورو:4/ اگست(ایس او نیوز) عنقریب شہر کے دیون ہلی انٹرنیشنل ایرپورٹ میں ہیلی کاپٹر ٹیکسی خدمات شروع کی جائیں گی۔ جس کے استعمال سے شہریان ایرپورٹ تک آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔ یہ اعلان آج مرکزی وزیر مملکت برائے شہری ہوا بازی جینت سنہا نے کیا ۔آج صبح بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ لمٹیڈ میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تمبی ایریشین نامی کمپنی کے اشتراک سے شہر میں ہیلی کاپٹر ٹیکسی خدمات شروع کی جارہی ہیں، آنے والے تین ماہ میں شہریوں کیلئے یہ خدمات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے بتایاکہ روزانہ بنگلور انٹرنیشنل ایر پورٹ میں 60ہزار مسافروں کی آمد ورفت ہوتی ہے، اس سے بنگلور میں ٹریفک کا مسئلہ بھی کافی سنگین ہوچکا ہے، اسی لئے ایرپورٹ تک آنے اور واپس شہر جانے کیلئے ہیلی کاپٹر ٹیکسی خدمات جاری کی جارہی ہیں۔
عوام کو بھی یہ سہولت انتہائی مناسب شرحوں پر مہیا کرانے کیلئے منصوبہ زیر غور ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم مودی کی طرف سے شروع کئے گئے ہوا بازی منصوبہ اڑان کے تحت ملک کے ہر شہری کو فضائی سفر کرنے کی سہولت مہیا کرانے کیلئے ایک گھنٹے کی اڑان کیلئے شرح 2500 روپے ، پانچ سو کلومیٹر کی مسافت کے حساب سے طے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عنقریب وزیراعظم شملہ میں اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔اڑان پراجکٹ کے تحت سب سے پہلی پرواز دہلی و شملہ کے درمیان شروع کی جائے گی ، بعد میں آندھرا اور تلنگانہ کے تین شہروں حیدرآباد، کڑپہ اورنانڈیر کے درمیان یہ خدمات شروع کی جائیں گی۔اس موقع پر موجود ریاستی وزیر برائے بڑی ودرمیانی درجے کی صنعت اور انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ آر وی دیش پانڈے نے بتایاکہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی اسپتالوں تک پہنچنے کیلئے مریضوں کو ہیلی کاپٹر ایمبولنس سہولت کامیابی سے لاگو کی ہیں ، اسی طرز پر ایرپورٹ آنے جانے والے مسافروں کیلئے ہیلی کاپٹر ٹیکسی خدمات جاری کی جائیں گی۔ اس موقع پر ریاستی چیف سکریٹری سبھاش چندر کنٹیا، بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ڈائرکٹر انتظامیہ ، ہرش راگھون ، چیف ایگزی کیٹیو آفیسر ہری مراد ،اور دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔